پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا۔ کراچی اور لاہور 22,22میچز کی میزبانی کریں گے۔
دونوں ایلی منیٹرز اور فائنل کی میزبانی لاہور کرے گا، کراچی کو پی ایس ایل کو الیفائر میچزکی میزبانی مل گئی، پاکستان سپر لیگ الیون اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے ہی شروع ہوگی۔
اس سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث غیر یقینی حالات پیدا ہو گئے ہیں اور یہ کہنا ممکن نہیں کہ کشیدگی یا جنگی صورتحال کتنے دن تک جاری رہے گی، تاہم پاکستان سپر لیگ الیون اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے ہی شروع ہوگی۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پی ایس ایل کے انعقاد کے حوالے سے وزیرِاعظم سے مشاورت کی گئی ہے، جس کے بعد لیگ کو محدود پیمانے پر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تمام میچز بغیر تماشائیوں کے ہوں گے اور شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل الیون کے میچز کو صرف دو شہروں لاہور اور کراچی تک محدود کر دیا گیا ہے، جبکہ کفایت شعاری مہم کے تحت دیگر اخراجات میں بھی کمی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں ہونے والی افتتاحی تقریب کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔





















