اسرائیلی فوج نے ایران کے نطنز ایٹمی مرکز پر بمباری سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نطنز پر ہونے والے حملے سے ہم لا علم ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایران پر حملے کے دوران ایک میزائل اسرائیلی طیارے کے بہت قریب آگیا تھا، طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، مشن مکمل کرکے واپس آیا، جنگ کے آغاز سے اب تک کئی بار ایران اسرائیلی طیاروں کو گرانے کی کوشش کرچکا ہے۔
آئی اے ای اے
نطنز ایٹمی مرکز پر بمباری کے معاملے پر عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے ردعمل جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نطنزنیوکلیئر سائٹ پر حملے کی اطلاع ملی ہے، نطنز میں تابکاری کی شرح میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔
متحدہ عرب امارات
اماراتی وزارت دفاع نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 3 بیلسٹک میزائل اور 8 ڈرونز فضا میں تباہ کیے، جنگ کے آغاز سے اب تک 341 بیلسٹک میزائل تباہ کرچکے ہیں، 15 کروز میزائل اور ایک ہزار 748 ڈرونز بھی تباہ کیے، ایرانی حملوں میں 2 فوجی اور 6 غیر ملکی شہری جاں بحق ہوئے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے عید پر مسلمان ملکوں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں تمام مسلمان ممالک ہمارے بھائی ہیں، ہمارا آپ کے ساتھ کوئی تنازعہ نہیں ہے، ہمارے اختلافات سے صیہونی دشمن کو فائدہ پہنچ رہا ہے، اللہ سے دعا ہے عید الفطر ہمیں متحد رہنے کی طاقت دے۔
ترجمان ایرانی فوج
ایرانی فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران نہ صرف اپنے دفاع بلکہ پورے خطے اور مسلمانوں کے تحفظ کے لیے لڑ رہا ہے، ایران آبنائے ہرمز میں اپنی عظمت کا مظاہرہ کر رہا ہے،ہماری تنصیبات پر حملہ کرو گے تو ہم تمہاری زیادہ اہم تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے، ہم طاقتور ہیں اور طاقتور رہیں گے۔





















