اسرائیل میں ایمرجنسی سروسز کے حکام کا کہنا ہے کہ سنیچر کو ملک میں ایک جوہری تنصیب کے قریب ہونے والے ایرانی میزائل حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 160 سے زیادہ ہے۔ حکام نے بتایا کہ ایرانی میزائل حملے اسرائیل کے علاقے عراد اور دیمونا میں ہوئے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل حملوں میں 84 افراد عراد اور 78 افراد دیمونا میں زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دونوں قصبے ایک اسرائیلی جوہری تنصیب کے قریب واقع ہیں۔
عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے مطابق اسے جوہری تحقیق کے اس مرکز کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ترجمان آئی اے ای اے کے مطابق ڈیمونا ایٹمی پلانٹ کی سرگرمیوں پر گہری نظر ہے، کسی غیرمعمولی تابکاری کے شواہد نہیں ملے، جوہری تنصیبات پر حملوں سے گریز کیا جائے، فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ حملہ سنیچر کے روز ایران کی نظنز جوہری تنصیب پر مبینہ اسرائیلی حملے کے بعد ردعمل میں کیا گیا ہے۔





















