نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ متحدہ عرب امارات کا دورہ مکمل کرنے کے بعد دو روزہ دورے کیلئے کویت پہنچ گئے۔ دورہ کویت دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
کویت پہنچنے پر وزیربجلی، پانی و قابل تجدید توانائی نے نگران وزیرِاعظم کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستان کےکویت میں سفیراوردونوں ممالک کےاعلیٰ سفارتی اہلکاربھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم ولی عہد کویت شيخ مشعل الاحمد الجابر الصبا ح اور اپنے ہم منصب وزیرِ اعظم شيخ احمد النواف الاحمد الصباح سے بھی ملاقات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں :۔پاکستان اور یواے ای میں اربوں ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑکےدورہ میں افرادی قوت، آئی ٹی، معدنیات وکان کنی، غذائی تحفظ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونگے۔
اس سے قبل نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے قومی ہیروز کی یادگار وحت الکرامہ کا دورہ کیا۔شہدا کے لواحقین سے متعلق دفتر کے چیئرمین نے وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا استقبال کیا۔
نگران وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کی پروقار تقریب میں شرکت کی اور یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو وحت الکرامہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔