مشروبات بنانے والی معروف کمپنی کوکا کولا نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) استعمال کرکے نیا فلیور ’وائی 3000‘ متعارف کرادیا۔
مشروبات بنانے والی عالمی کمپنی کوکا کولا نے سوڈا کا ایک نیا لمیٹڈ ایڈیشن وائی 3000 متعارف کرایا ہے، جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے بنایا گیا یہ پہلا کولڈ ڈرنک فلیور ہے۔
کوکا کولا کمپنی نے دنیا بھر میں صارفین سے اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے بنائے گئے نئے اور منفرد فلیور وائی 3000 پر ان کی رائے پوچھی ہے۔
کمپنی کے سینئر ڈائریکٹر آف گلوبل اسٹریٹیجی کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ کوکا کولا سال 3000 میں بھی اتنی کی متعلقہ اور تازہ رہے گی جیسے کہ آج ہے، اس لئے ہم نے خود کو چیلنج کیا کہ اس تصور کو ڈھونڈے کہ مستقبل میں کوک کا ذائقہ کیسا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جان بوجھ کر انسانی ذہانت اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو ساتھ ملایا تاکہ یہ جانا جاسکے کہ کوکا کولا مستقبل میں کیا پیش کرسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کوکا کولا کا زیرو شوگر مشروب محدود وقت کیلئے منتخب مارکیٹوں بشمول امریکا، کینیڈا، چین، یورپ اور افریقا میں دستیاب ہوگا۔
کوکا کولا کا کہنا ہے کہ ڈرنک کے کین ڈیزائن میں بھی اے آئی کا استعمال کیا جاسکتا ہے، جس کے ذریعے مثبت مستقبل پر زور دیا گیا ہے۔
کوکا کولا کھانے اور مشروب بنانے والی پہلی کمپنی نہیں جس نے اپنی پروڈکٹ بنانے کیلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کیا ہے۔
رواں سال کے شروع میں کیمبل سوپ نے بتایا تھا کہ اس نے چنکی گھوسٹ پیپر چکن نوڈلز سوپ تیار کرنے میں اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد لی ہے جبکہ جاپان کی مشروبات بنانے والی بڑی کمپنی سپارو نے اے آئی کی مدد سے بیوریجز عام وقت کے مقابلے میں آدھے وقت میں بیوریجز بنائے ہیں۔
کھانے اور مشروبات کی انڈسٹری میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، تاہم واضح ہے کہ یہ ٹیکنالوجی مصنوعات کی تیاری اور مارکیٹنگ میں جدت لانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔