پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر اور سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی صلاحیتوں کا معترف ہوں، رائٹ اسٹریٹیجی پر بابر اعظم کی بھی ہدایات لیا کریں گے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر قومی ٹیم محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا ہمارے لئے چیلنجنگ ہوگا اور ٹریننگ سیشن کے دوران محسوس کیا ہے کہ ہمارے کھلاڑی اس چیلنج کو قبول کرنے اور آسٹریلیا جا کر پرفارم کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ آسٹریلیا کی کنڈیشنز چیلنجنگ ، پرفارم کرنے کیلئے تیار ہیں ، محمد حفیظ
محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک بہترین ٹیسٹ ٹیم مو جود ہے، ہمارے پاس جو بیٹرز ہیں انہوں نے بہترین پرفارم کیا ہوا ہے، باؤلنگ میں تھوڑی سی مشکلات آئیں لیکن انہیں جو بہتر باؤلر لگے جو آسٹریلیا میں پرفارم کرسکتے ہیں انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور شان مسعود کی بانڈنگ بہترین ہے ، بابر اعظم کی صلاحیتوں کا معترف ہوں، رائٹ اسٹریٹیجی پر بابر اعظم کی بھی ہدایات لیا کریں گے، بابر اعظم کا کھیل مستقبل میں ضرور نکھرے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ کو کپتان بنایا جاتا ہے تو آپ پر ایک ذمہ داری ہوتی ہے اور کپتانی سے ہٹ جانے کے بعد بھی بطور کھلاڑی آپکی ٹیم کے کنٹری بیوشن ہوتی ہیں، آپ کو جو بھی کردار مل رہا ہوتا ہے آپ نے اس میں کارکردگی دکھانا ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے ٹیم کے لئے جو سروسز دیں میں ان کو بہت سراہتا ہوں اور میں نے نوٹ کیا ہے کہ انہوں نے اپنا فیڈبیک دینے میں کمی نہیں کی، وہ ٹیم کا بہت اہم حصہ ہیں، وہ ٹیم کو لے کر چل رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان کرکٹ کی کامیابی میں بابر اعظم کا جو کردار ہے وہ اس کو مزید بڑھائیں گے تاکہ پاکستان ٹیم زیادہ سے زیادہ کامیابیاں حاصل کرے اور اس میں ان کا نمایاں کردار ہو۔