پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ ملک میں امیر اور غریب میں فرق 30 سال میں سب سے زیادہ ہوچکا، غربت 28 فیصد سے متجاوز ، حکمران اپنے لئے طیارے خرید رہے ہیں۔
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران تیمور جھگڑا نے کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال کی جاری کردہ رپورٹ میں غربت کی شرح ہوشربا ہے۔ امیر اور غریب میں فرق 30 سال میں سب سے زیادہ ہوچکا ۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف غربت کی سطح 28 فیصد سے تجاوز کر گئی ۔ دوسری جانب حکمران اپنے لئے طیارے اور گاڑیاں خرید رہے ہیں ۔ 40 ارب روپے فائروال میں ڈبو دیئے گئے مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔
اس موقع پر سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا برادر اسلامی ملک ایران پر جنگ کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ حکومت عالمی سطح پر ناکام ، معیشت تباہ اورعوام کی بس ہو گئی ہے ۔ ہمارا مطالبہ صرف غیرجانبدارانہ الیکشن اور بانی پی ٹی آئی کا علاج ہے۔





















