یورپی یونین کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف بڑھانے کے اعلان پر ردعمل آگیا۔
ترجمان یورپی یونین کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد امریکی محصولات میں اضافہ قبول نہیں، امریکا گزشتہ سال طے پانے والے معاہدے کی شرائط پر قائم رہے، معاہدہ، معاہدہ ہوتا ہے،امریکا عدالتی فیصلے کے بعد پالیسی واضح کرے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی مصنوعات پر کسی نئے ٹیرف کا اطلاق نہیں ہونا چاہیے، غیر متوقع محصولات عالمی منڈیوں میں بے یقینی پیدا کرتے ہیں، غیر متوقع محصولات کاروباری اعتماد اوربین الاقوامی تجارت میں خلل ڈالتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد گلوبل ٹیرف 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ماضی میں کئی ممالک ٹیرف کے نام پر امریکا کو لوٹتے رہے ہیں،ٹیرف والے وہ ممالک ہیں جنہوں نے دہائیوں تک امریکا سے فائدہ اٹھایا،انتظامیہ جلد نئے اور قابل اجازت ٹیرف کا تعین کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز عدالتی فیصلہ مضحکہ خیز، ناقص اور ملک مخالف تھا،ٹیرف عائد کرنے کا مقصد امریکی معیشت کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل امریکی سپریم کورٹ ٹرمپ کا ٹیرف بڑھانے کا اقدام کالعدم قرار دے دیا تھا ۔ امریکی سپریم کورٹ کا فیصلے میں کہناتھا کہ صدرٹرمپ کے گلوبل ٹیرف غیر قانونی ہیں، صدرٹرمپ نے اختیارات سے تجاوز کیا،صدرٹرمپ کو وسیع سطح پر ٹیرف کے نفاذ کا اختیارنہیں ہے۔




















