متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ کل سندھ اسمبلی میں غیر آئینی قرارداد منظور ہوئی۔ کیاکوئی صوبہ آئین سے متصادم قرار داد منظور کرسکتا ہے۔
بہادر آباد مرکز کراچی میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سیاست اِدھرہم،اُدھر تم سے شروع ہوتی ہے۔۔ ہمارے ہوتے ہوئے سندھو دیش کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ مصنوعی اکثریت رکھنے والی جماعت سندھ پر قابض ہے۔
خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی منافقت یہ کہ جنوبی پنجاب اورہزارہ صوبے کی حامی لیکن سندھ میں مخالف ہے، یہ قرارداد پاکستان کی تقسیم کی سازش ہے۔ پیپلزپارٹی پہلے ہی کراچی کوٹکڑے ٹکڑے کرچکی ہے۔
چیئرمین ایم کیو ایم نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آئین جو کہ ایک زندہ دستاویز ہے اس پرمکمل عمل کیا جائے، پیپلز پارٹی اپنے ہی بانی کے آئین سے روگردانی کررہی ہے، آرٹیکل 140 اے آئین کا حصہ ہےجو پورے پاکستان کےلئےہے، سندھ پورے پاکستان میں سب سے زیادہ کثیراللسانی صوبہ ہے۔






















