پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے صوابی، نوشہرہ، ہری پور، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ کی انتظامیہ اور پولیس نے خیبر پختونخوا کو پنجاب سے ملانے والی تمام شاہراہیں کھول دیں اور رکاوٹیں ہٹا دیں ۔ 4 روز سے منقطع رابطے اور ٹریفک مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے۔
صوابی انبار انٹر چینج اور خوشحال گڑھ کوہاٹ پل رات گئے انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد رکاوٹیں ہٹا کر ہلکی اور بھاری ٹریفک کے لئے کھول دی ۔اس سے پہلے دریائے سندھ پر قائم اٹک پل سے رکاوٹیں ہٹا کر مرکزی جی ٹی روڈ کھول دی گئی تھی۔
ڈیرہ اسماعیل خان کو پنجاب کے علاقوں میانوالی اور چشمہ سے ملانے والی سڑکیں اور پل بھی ٹریفک کے لیے بحال ہوگئیں ہیں ۔ ڈیرہ اسماعیل خان اسلام آباد موٹر وے ایم فورٹین سی پیک یارک ٹول پلازہ کو بھی مظاہرین سے کلئیر کر دیا گیا ہے جبکہ ہزارہ موٹر وے پر حویلیاں اور مسلم آباد انٹر چینج بھی پولیس نے ٹریفک کے لیے بحال کر دی تھی ۔
خیبر پختونخوا کو پنجاب سے ملانے والی تمام شاہراہیں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بانی چیئرمین کے علاج اور رہائی کے لئے احتجاجاً بند کیں تھیں ۔ پشاور ہائی کورٹ کے گزشتہ روز جاری حکم نامے کے بعد انتظامیہ ایکشن میں آئی اور پنجاب سے 4 روز سے منقطع رابطوں اور ٹریفک کو بحال کردیا ۔





















