سینیٹر اور مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 8فروری کو پی ٹی آئی نے اسٹریٹ پاورکی کوشش کی جو نہیں ہوا، پی ٹی آئی نےبانی تحریک انصاف کی صحت کے معاملے کو مسئلہ بنانے کی کوشش کی۔
رانا ثناء اللہ نے سماء نیوز کے پروگرام ’’ ریڈ لائن‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا بروقت معائنہ کیاگیا، ریٹنا اسپیشلسٹ سے بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کرایاگیا، پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ کوئی حادثہ ہو جائے، 85اور 15 فیصد بینائی کا بیانیہ پی ٹی آئی نے بنایا، ڈاکٹر ندیم کو بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج نے تجویز کیا، ڈاکٹر عاصم نے پہلے کہا وہ علاج سےمطمئن ہیں، ڈاکٹر عاصم کو کل اپنے بیان سے پیچھے ہٹنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں کو سیاسی بیانیے کو ثابت کرنے کیلئے استعمال نہ کریں،اس لیے ملاقاتیں بند ہوئیں، ملاقات کا معاملہ الگ ہے،آج بشریٰ بی بی سے ملاقات کے بعد کیا پیغام آیاہے؟ کے پی میں سڑکیں کھلی رکھنے کیلئے صوبائی حکومت کی کوئی ذمہ داری نہیں؟ کوئی صوبائی حکومت آئین کی عملداری روکے تو اس کاآئین میں حل موجود ہے۔
ان کا کہناتھا کہ بانی پی ٹی آئی کےعلاج میں کوئی غفلت اور رکاوٹ نہیں، بانی پی ٹی آئی کو بہترین علاج فراہم کیا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی کے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی،نہ چھوڑی جائےگی، 50سال کی عمر کے بعد ہلکی پھلکی چیزیں شروع ہوجاتی ہیں، بیماری صرف جیل میں نہیں،گھر میں بھی آسکتی ہے، بانی پی ٹی آئی کی بینائی بہتر ہوئی ہےتو اچھی بات ہے۔





















