رمضان المبارک کے لیے عدالتوں، دفاتر اور اسکولوں کے نئے اوقات کار کا اعلان کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کے نئے عدالتی اور دفتری اوقات کار کا چیف جسٹس کی منظوری کے بعد رجسٹرار آفس نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق دوران رمضان پیر تا جمعرات 9.30 سے 11.30 تک کیسز کی سماعت ہوگی، روزانہ صبح ساڑھے 11 سے 12 بجے تک عدالتی وقفہ کیا جائے گا، 12 سے ڈیڑھ بجے تک ڈویژن بینچ کیسز کی سماعت کی جائے گی۔ جمعہ کو 9.30 سے 11.30 بجے تک ہی کیسز کی سماعت کی جائے گی۔
پیرسے جمعرات تک دفتری اوقات کار9 سے 2.30 تک ہوں گے، جمعہ کےروز دفتری اوقات کار 9 سے12 بجے تک ہوں گے، ماتحت عدالتوں میں صبح 9 سے 2.30 تک کیسز کی سماعت ہوگی، جمعہ کو ماتحت عدالتوں میں 9 سے12 بجے تک کیسز سنے جائیں گے۔
قبل ازیں وفاقی آئینی عدالت پاکستان نے بھی رمضان المبارک کے دوران دفتری اوقات کار کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ پیر سے جمعرات تک دفاتر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ اور ہفتہ کو صبح 9 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک دفتری اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پیر سے جمعرات تک رمضان کے دوران سندھ کے سرکاری دفاتر صبح 10 بجے سے دوپہر 4 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ کو صبح 10 سے 1 بجہ تک دفاتر کھلے رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے رمضان المبارک میں اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دیے۔ رمضان المبارک میں اسکول صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوں گے جبکہ چھٹی دوپہر ایک بجے ہوگی۔ رمضان المبارک کے دوران ہفتہ کے روز اساتذہ کو بھی چھٹی ہوگی۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ جس کا اطلاق یکم رمضان المبارک سے ہوگا۔




















