فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اسرائیل کے خلاف جاری جنگ کے دوران اپنے چار سینئر رہنماؤں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔
حماس کے عسکری ونگ القسام کے ترجمان نے بتایا کہ 7 اکتوبر سےجاری جنگ کے دوران صہیونی فوج کے حملوں کے نتیجے میں ناردرن بریگیڈ کے کمانڈر جنرل احمد غندور، وائل رجب، رعفت سلمان اور ایمن صیام شہید ہو گئے ہیں ۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنرل احمد الغندور حماس کی ملٹری کونسل کے رکن اور عسکری قیادت میں تیسرے نمبر کے رہنما تھے جبکہ ان کی اہلیہ اور بیٹی 2014 کی جنگ میں شہید ہوئی تھیں۔
دوسری جانب قطر کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع کے لیے کوششیں تیز ہوگئی ہیں اور قطری خفیہ ایجنسی کے سربراہ کی اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات بھی ہوئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق دونوں افسران کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مزید قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی میں توسیع پر بات چیت کی گئی ہے جبکہ رپورٹس کے مطابق اسرائیلی جنگی کابینہ کے اجلاس میں بھی جنگ بندی میں توسیع پر غور کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں اسرائیلی فورسز کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے ساتھ مزید گرفتاریاں بھی جاری ہیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق مغربی کنارے میں 7 اکتوبر سے اب تک 3 ہزار 200 فلسطینی گرفتار ہوئے ہیں جن میں 41 صحافی، 200 بچے اور 78 خواتین شامل ہیں جبکہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی تعداد 7000 سے تجاوزکر گئی ہے۔