کوئٹہ میں دو ماہ قبل کٹ پیس مارکیٹ میں ہونے والی ساڑھے 11 کروڑ روپے کی بڑی ڈکیتی کے مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان سے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے نقد رقم برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں سی ٹی ڈی انسپکٹر اورنگزیب کھوکھر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ ڈکیتی میں مزید پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔
پولیس کے مطابق واردات میں قلعہ عبداللہ سے تعلق رکھنے والا ایک منظم گینگ ملوث ہے، جو چوری اور ڈکیتی کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔ گینگ کے باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ خود احتسابی کے تحت ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ واردات دسمبر 2025 میں تھانہ سٹی کی حدود میں واقع کوئٹہ کٹ پیس مارکیٹ میں پیش آئی تھی، جس میں ملزمان بڑی رقم لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔






















