روٹھی بیوی کو مناکر گھر لے جانے کے تنازع پر سسر کو قتل کرنے والے ملزم یاسر خان پر جرم ثابت ہو گیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو سزائے موت سمیت متعدد سزائیں سنادیں۔
ایڈیشنل سیشن جج افشاں اعجاز صوفی نے مقدمے کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ملزم یاسر خان کو قتل کے جرم میں سزائے موت اور 10 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنائی۔ اقدام قتل کے جرم میں ملزم کو 10 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔
عدالت نے زخمی کرنے کے جرم میں 45 لاکھ 5 ہزار 268 روپے دیت ادا کرنے اور 10 لاکھ روپے ضمان جمع کرانے کی سزا بھی سنائی۔ علاوہ ازیں ملزم کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے اضافی جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
استغاثہ کے مطابق ملزم نے 2023 میں فائرنگ کرکے اپنے سسر ندیم خان کو قتل جبکہ سالے اور اس کی اہلیہ کو زخمی کر دیا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ مقتول ندیم خان کے نزاعی بیان پر درج کیا گیا تھا۔
عدالت کے فیصلے کے بعد ملزم کو جیل منتقل کر دیا گیا۔





















