پی ایم ڈی سی نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں فیس کی حد پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا اعلان کر دیا ہے، زیادہ فیس لینے والے 12 میڈیکل اور ڈینٹل کالجزکو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے گئے، پی ایم ڈی سی اور میڈیکل کالجز کی تنظیم "پامی" کے درمیان معاہدہ بھی طے پا گیا ۔
پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے منظورشدہ حد سے زائد فیس وصول کرنے والے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کیخلاف کارروائی کی جائے گی ۔ اضافی وصول فیس واپس یا اگلے سال ایڈجسٹ کی جائے گی ۔ طلبا اور والدین متعینہ حد سے زائد فیس ادا نہ کریں ۔ پی ایم ڈی سی اور پامی کے درمیان معاہدے کے مطابق ہر ماہ فالو اپ اجلاس ہو گا ۔ اداروں کیلئے فیس بڑھانے کا مالی جواز فراہم کرنا لازم ہو گا ۔ فیس کی زیادہ سے زیادہ حد پچیس لاکھ روپے ہے ۔ پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ معیاری طبی تعلیم ہر طالب علم کا بنیادی حق ہے جو ہر صورت فراہم کیا جائے گا ۔






















