پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق 8 سے 10 فروری تک پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق 9سے 10 فروری کے دوران مری، گلیات اور گردونواح میں برفباری اور بارش جبکہ اسی دوران لاہور میں بھی گھنے بادلوں سمیت بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے جنوبی اضلاع میں گھنے بادلوں سمیت بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی ہے۔
راولپنڈی، اٹک، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، جھنگ، نورپور تھل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین اور سیالکوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی ہی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں ،ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے اور ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مری میں برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں تاہم شہری خراب موسم میں تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے اجتناب کریں۔دوران سفر فوگ لائیٹس کا استعمال کریں ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل اتوار کی رات سے 10 فروری منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی کا امکان ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کے مطابق اس دوران صوبہ کے بالائی اضلاع ایبٹ اباد، ہری پور، مانسہرہ، چترال (اپر و لوئر)، دیر اپر و لوئر، سوات بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان اپر و لوئر اور کولائی پالس میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈی آئی خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔




















