پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے پربھارتی میڈیا کے دعوؤں کو مسترد کر دیا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق بھارتی میڈیا جھوٹ پرمبنی دعوے کررہاہے، وقت بتائے گاکہ کون کس کا دروازہ کھٹکٹانے گیا اور کون نہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا دعویٰ کررہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے رابطہ کیا ہے۔
اس سے قبل ذرائع سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ حکومت پاکستان کی جانب سے آئی سی سی کے دہرے معیار کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت سے میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد آئی سی سی نے پی سی بی کو خط لکھا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کے خط کا جواب دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی نے آئی سی سی کے رابطہ کرنےکے بعد ہی جواب دیا ہے اور یہ آئی سی سی ہی بتائےگی کہ پی سی بی نے خط سے متعلق کیا جواب دیا ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز پاکستان نے یہ واضح کیا تھا کہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت تو کرے گا تاہم 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گا۔





















