الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے متعلق اہم کیس سماعت کےلیے مقرر کردیا۔
عمران خان پارٹی چیئرمین عہدے پررہیں گے یا نہیں؟ الیکشن کمیشن چیئرمین پی ٹی آئی کو ہٹانے کا کیس 28 نومبر کو سنے گا، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔
ای سی پی میں سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے جواب جمع کرایا جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست شہری نے دائر کی ہے۔ درخواست میں توشہ خانہ کیس میں سزا کے باعث پارٹی قیادت سے ہٹانے کی استدعا کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 23 نومبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے 20 روز کے اندر دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کی ہدایت کردی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن شفاف نہیں کرائے، پی ٹی آئی الیکشن آئین کے تحت20روز کے اندر کرائے اور انٹراپارٹی الیکشن کی رپورٹ الیکشن کروانے کے7دن بعدجمع کرائی جائے۔