نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سولر نیٹ میٹرنگ کے نئے ریگولیشنز پر عملدرآمد سے قبل عوامی سماعت کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نیپرا کے مطابق نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2025ء کے مسودے پر عوامی سماعت 6 فروری کو منعقد کی جائے گی، جس میں عوام اور تمام شراکت داروں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ نئے ریگولیشنز 2025ء کے مسودے کی کاپی نیپرا کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے، سی پی پی اےنیٹ میٹرنگ صارفین کو گرڈ پراضافی بوجھ سمجھتی ہے۔
سی پی پی اے کے مطابق نیٹ میٹرنگ صارفین کی وجہ سے گرڈ صارفین پر 3 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافی بوجھ پڑتاہے۔ نیپرا کا کہناتھا کہ سولرنیٹ میٹرنگ کی وجہ سے پروٹیکٹڈ صارفین بڑھ رہے ہیں۔
نئے ریگولیشننز کے مطابق نیٹ میٹرنگ صارفین کیلئے الگ الگ ٹیرف ہوں گے ، کمپنی صارف سے نیشنل ایوریج انرجی پرچیز پرائس کے مطابق فی یونٹ بجلی خریدے گی ، بجلی کمپنی صارف کو موجودہ ٹیرف کے حساب سے بجلی فراہم کرے گی ، کوئی بھِی صارف اپنے لوڈ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کا مجاز نہیں ہوگا، نیپرا نیٹ میٹرنگ صارف کی پیداوری صلاحیت پر نظرثانی کر سکے گا۔
نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیےبجلی کی فروخت اور خریداری کیلئے الگ الگ میٹرز ہوں گے، نیا نیٹ میٹرنگ صارف اپنی بجلی کسی دوسرے صارف کو فروخت نہیں کر سکے گا، نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز کا اطلاق نئے نیٹ میٹرنگ صارفین پر ہو گا، نئے نیٹ میٹرنگ صارفین کو بائی بیک ریٹ کے بجائے 10 روپےفی یونٹ کرنے کی تجویز ہے۔





















