لاہور میں ماں بیٹی کے مین ہول میں گرنے کے افسوسناک واقعے پر مزید انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔ متاثرہ خاندان سے سادہ کاغذ پر انگوٹھے لگوانے کے الزامات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ویڈیو میں متاثرہ خاندان کا الزام ہے کہ ایک سب انسپکٹر رینک کے افسر نے سادہ کاغذ پر دستخط اور انگوٹھے لگوا کر اپنے ساتھ لے گیا۔ متاثرین کے مطابق یہ انگوٹھے معطل اور گرفتار سرکاری اہلکاروں کو ریلیف دینے کے لیے لگوائے گئے۔
ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ متوفیہ سعدیہ کے والد اور مقدمے کے مدعی ساجد سے سب انسپکٹر نے انگوٹھا لگوایا۔ تاہم پولیس نے ان الزامات پر وضاحت جاری کر دی ہے۔
ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق درخواستِ مقدمہ میں درستگی کے لیے انگوٹھا لگوایا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انویسٹی گیشن ونگ کی درخواست پر متاثرہ خاندان سے انگوٹھا لے کر درخواست دوبارہ جمع کروائی گئی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ متوفی خاندان کے والد کا انگوٹھا کسی بھی سرکاری اہلکار کو ریلیف دینے کے لیے نہیں لگوایا گیا۔




















