کے ایم سی میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کر دیا ہے۔
سیف الدین ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ سانحہ گل پلازہ میں مئیر کراچی براہ راست ذمہ دار ہیں، تاہم تحقیقاتی رپورٹ میں انہیں کلین چٹ دے دی گئی، جو قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ سندھ حکومت خود احساس کرے کہ مئیر کراچی ناکام ہو چکے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کے مطابق مئیر کراچی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور کونسل میں موجود مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے بھی شروع ہو چکے ہیں۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے دعویٰ کیا کہ کونسل کی متعدد جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد پر ساتھ دینے کا یقین دلایا ہے۔





















