بھارت میں خطرناک وائرس نپاہ کے پھیلاؤ کے باعث عالمی سطح پر وبائی صورتحال بن گئی۔ 6 ممالک نے ہنگامی بنیادوں پر بھارت سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ شروع کردی۔
بھارتی ریاست مغربی بنگال میں نپاہ وائرس کے کیسز سامنے آنے پربین الاقوامی ادارے اور ہمسایہ ممالک ہائی الرٹ ہوگئے۔ تھائی لینڈ، سنگاپور، ہانگ کانگ، ملائیشیا، انڈونیشیا اور ویتنام کے ایئرپورٹس پر بھارتی مسافروں کی کڑی نگرانی کی جاتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق 25 برس میں ساتویں بار بھارت میں نپاہ وائرس بے قابوہورہا ہے لیکن خود بھارت میں احتیاطی تدابیر اور اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ جس پر عالمی ماہرین صحت شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق فی الحال بھارت کے علاوہ کسی اور ملک میں نپاہ وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، مغربی بنگال میں وائرس سے متاثرہ خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
نپاہ وائرس کا پہلا کیس 2001 میں بھارت کے شہر سِلی گوری میں سامنے آیا تھا، اس کے بعد اب تک سات مرتبہ یہ وائرس شدت اختیار کر چکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو نپاہ وائرس عالمی وبا کی شکل اختیار کرکے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔




















