سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 41 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 جنوری کو بلوچستان میں دو الگ الگ کارروائیاں کی گئیں، کارروائیاں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کےخلاف کی گئیں۔ دونوں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 41 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پہلی کارروائی خفیہ اطلاعات پرضلع ہرنائی کے نواحی علاقے میں کی گئی، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 30 خوارج ہلاک ہوئے۔
ہلاک دہشت گردوں سےاسلحہ، گولہ بارود،دھماکہ خیزمواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا، ہلاک دہشتگردوں سے برآمد گولہ بارود موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 29 جنوری کو پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے11 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کردیا گیا۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پنجگور میں بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی دہشت گردوں سے برآمد ہوئی، ہلاک دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، ہلاک دہشتگردوں سے برآمد گولہ بارود موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔





















