اسلام آباد پولیس نےملک کےمختلف شہروں میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے چند منٹ میں موبائل فون کی شناخت مٹانےوالےآئی ایم ای آئی چینجنگ نیٹ ورک کوبےنقاب کردیا۔
اسلام آباد پولیس نےاب تک کی بڑی کارروائی میں چند منٹوں میں موبائل فون کی شناخت مٹانے والے نیٹ ورک کے ماسٹر مائنڈ کوگرفتارکرلیا ہے،پولیس کےمطابق آئی ایم ای آئی چینج کرنے والا یہ ریکٹ پنجاب بھر میں پھیلا ہوا تھا،جسے توڑ دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمان اسلام آباد کےایک پوش علاقے میں بیٹھ کر یہ غیر قانونی سرگرمیاں چلا رہے تھے اور انکا ہدف دو لاکھ روپے سے زائد مالیت کے قیمتی موبائل فونز ہوتے تھے۔
تحقیقات کےمطابق اسلام آبادمیں پکڑے جانے والے ایک چور سےتفتیش کےدوران اس پورے نیٹ ورک کا سراغ ملا،جس کے بعد پنجاب اورخیبرپختونخوا کےمختلف شہروں میں کارروائیاں کی گئیں اور سولہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا،پولیس نے مزید انکشافات کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔





















