عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر امیر حیدر ہوتی کہتے ہیں کہ الیکشن میں سیاسی اتحاد مشاورت سے کریں گے، الیکشن بلا تاخیر اور شفاف ہونے چاہئیں کنٹرولڈ نہیں، اٹھارویں ترمیم ختم کرنے کی مخالفت کریں گے، پاکستان اور افغانستان اختلافات کے بجائے مل کر دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کریں گے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کوئٹہ میں قبائلی رہنماء ملک امان اللہ کاکڑ کی اے این پی میں شمولیت کے موقع پر نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی ملک امان اللہ کاکڑ اور ان کے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتی ہے، یہ ایک فرد نہیں ہزاروں لوگوں کا فیصلہ ہے، ہم مل کر عوام کی خدمت کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انتشار اور سیاسی بحران ہے، قبولیت اور مقبولیت کی دوڑ لگی ہے، کوئی بھی سیاسی اتحاد مشاورت سے کریں گے، الیکشن بلاتاخیر اور شفاف ہونے چاہئیں کنٹرولڈ نہیں، کنٹرول الیکشن سے ملک میں سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔
امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ 18 ویں ترمیم سے فیڈریشن مضبوط ہوئی اسے ختم کرنے کی مخالفت کریں گے، 18 ویں ترمیم سے فیڈریشن مضبوط ہوئی، پاکستان اور افغانستان آپس کے اختلافات کے بجائے مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں۔
اے این پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے چیف آف متحدہ قبائل فیڈریشن ملک امان اللہ کاکڑ نے کہا کہ ان کے خاندان کی سیاسی سماجی خدمات اور قیام پاکستان میں جدوجہد ڈھکی چھپی نہیں، جمہوری اور سیاسی جماعت کی بنیاد پر اے این پی میں شمولیت اختیار کی۔