ترجمان سندھ حکومت نے ایم کیوایم وزرا کی سیکیورٹی واپس لینے کے دعوے کی تردید کردی۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کے کسی وزیر یا رہنما سے سیکیورٹی واپس نہیں لی گئی، جو افراد سیکیورٹی کے مجاز ہیں،ان کے پاس مکمل سیکیورٹی موجود ہے۔ یہ سہولت قانون اورسیکیورٹی پروٹوکول کےمطابق فراہم کی جا رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایم کیوایم پھر جھوٹے بیانیے اور منفی پروپیگنڈے پر اتر آئی ہے، ایم کیو ایم کے سیکیورٹی کے حوالے سے بے بنیاد الزامات محض سیاسی پروپیگنڈا ہیں۔
دوسری جانب رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کا سیکیورٹی واپس لینا ہمیں ڈرانے کی کوشش ہے ۔ ایسے اقدامات سے چپ نہیں ہوں گے ۔ ان کے پاس کوئی اور حربہ بھی ہے تو استعمال کر لیں۔
وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے سے نہیں رکیں گے ۔ سندھ حکومت سندھو دیش کا نعرہ لگانے والوں کو سیکیورٹی دیتی ہے لیکن ہمیں صرف سوال پوچھنے پر دھمکاتی ہے ۔ وفاق صوبے کو اپنے کنٹرول میں لے۔






















