پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 29 جنوری کو شیڈول ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے جاری کیا گیا پرومو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو گیا ہے، جس میں پاکستان کی میزبانی، ثقافت اور مہمان نوازی کو بھرپور اور منفرد انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ پرومو میں ایشیا کپ کے ’ہینڈ شیک‘ تنازع کو بھی ہلکے پھلکے مگر معنی خیز انداز میں شامل کیا گیا، جس پر صارفین کی جانب سے خوب داد دی جا رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پرومو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک آسٹریلوی شہری میچ دیکھنے کے لیے پاکستان آتا ہے، جہاں اس کا شاندار استقبال اور خاطر تواضع کی جاتی ہے۔ اسے لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کے ساتھ واقع فوڈ اسٹریٹ لے جایا جاتا ہے، جہاں دسترخوان پر انواع و اقسام کے پکوان سجائے جاتے ہیں۔
کھانوں کی کثرت دیکھ کر آسٹریلوی شہری پریشان ہو کر پوچھتا ہے کہ اتنے زیادہ کھانے کا بل کون ادا کرے گا، جس پر اسے بتایا جاتا ہے کہ ساتھ والی میز پر بیٹھے ’آغا جی‘ نے بل ادا کر دیا ہے کیونکہ وہ پاکستان کا مہمان ہے۔ کیمرہ جب ’آغا جی‘ کی جانب جاتا ہے تو انکشاف ہوتا ہے کہ وہ دراصل پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا ہیں جو مکمل لاہوری انداز میں آسٹریلوی شہری کو کھانا انجوائے کرنے کا کہتے ہیں۔
پرومو کے ایک اور منظر میں آسٹریلوی شہری کو ٹیکسی میں دکھایا گیا ہے، جہاں ڈرائیور کرایہ لینے سے انکار کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ’مہمانوں سے پیسے نہیں لیے جاتے‘۔ اس پر آسٹریلوی شہری خوشی کا اظہار کرتا ہے، تاہم جب وہ ہاتھ ملائے بغیر جانے لگتا ہے تو ٹیکسی ڈرائیور طنزیہ انداز میں کہتا ہے:’ہینڈ شیک بھول گئے آپ، لگتا ہے پڑوسیوں کے پاس بھی رُکے تھے۔‘
یاد رہے کہ مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی جھڑپوں کے بعد ایشیا کپ وہ پہلا موقع تھا جب دونوں ممالک کی ٹیمیں آمنے سامنے آئی تھیں۔ اس میچ میں ٹاس کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ ملائے بغیر میدان چھوڑ دیا تھا، جبکہ میچ کے بعد بھی بھارتی کھلاڑیوں نے مصافحہ نہیں کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس عمل کو ’اسپرٹ آف کرکٹ‘ کے منافی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو مصافحہ نہ کرنے کی ہدایت دی تھی، جس پر پی سی بی نے سخت احتجاج کیا ۔




















