حکومت نے مختلف قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں رد و بدل کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق 23 جنوری سے ہوگا۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع 9.6 فیصد سے کم ہو کر 9.4 فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 10.2 فیصد سے گھٹ کر 9.96 فیصد ہو گئی ہے۔
اسی طرح 3 ماہ کے شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹ پر منافع 10 فیصد کے بجائے 9.64 فیصد ملے گا، جبکہ 6 ماہ کے شارٹ ٹرم سیونگز پر منافع کی شرح 9.9 فیصد سے کم ہو کر 9.58 فیصد کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ پر مجموعی منافع میں بھی کمی کی گئی ہے، تاہم بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 12 فیصد پر برقرار رکھی گئی ہے۔
اسی طرح پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح 12 فیصد اور سیونگ اکاؤنٹ پر 9 فیصد برقرار رہے گی، جبکہ سروا اسلامک سیونگز اسکیموں پر بھی شرح منافع میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔





















