وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت ملک بھر میں مؤثر لوکل گورنمنٹ کا نظام نافذ ہونا چاہیے تاکہ عوامی مسائل نچلی سطح پر حل کیے جا سکیں۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نےقومی اسمبلی کےاجلاس سے اظہارخیال کرتے ہوئےکہا صوبائی حکومتوں کے اختیارات مقامی حکومتوں کومنتقل ہونےچاہیے،جب تک گلی اورمحلے کی سطح پرعوامی نمائندگی نہیں ہو گی،مسائل حل نہیں ہوسکتے،صوبائی حکومتیں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے سے کتراتی اور گھبراتی ہیں،جس کے باعث عام آدمی کو اس کے بنیادی حقوق میسرنہیں آتے۔
خواجہ آصف نےچین کی مثال دیتےہوئےکہاکہ صدرشی جن پنگ ایک مضبوط اورمنظم نظام سےگزرکر موجودہ مقام تک پہنچےہیں،تمام صوبوں میں ایسا نظام ہوجہاں اپنےمحلے میں ان کا نمائندہ ہو،آئین میں ترمیم کرکےبااختیار مقامی حکومتوں کا نظام وضع کیا جائے۔
وزیردفاع نےکہاکہ کراچی میں آگ لگنےکاواقعہ ہمارےنظام کی تباہی کی نشانی ہے،ملک میں عوام کو مضبوط کرنے کے لیے لوکل گورنمنٹ کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے، ملک میں ایک جیسا نظامِ تعلیم اور مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم ہونا چاہیے۔





















