وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں نمایاں استحکام آچکا ہے، مہنگائی، شرح سود اور مالی خسارہ بہتر سمت میں جا رہے ہیں۔ پائیدار ترقی کے لیے اصلاحات کے عمل کو جاری رکھنا ہوگا۔
ڈیوس میں بلوم برگ کو انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی جو ایک وقت میں 40 فیصد تک پہنچ گئی تھی اب کم ہو چکی ہے، حکومت نے دوبارہ پرائمری مالی سرپلس حاصل کر لیا ہے، عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نےپاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہترکی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان 4 سال بعد عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی کی تیاری کر رہا ہے، آئندہ چند ہفتوں میں مالی مشیروں کےانتخاب کیلئے تجویزجاری کی جائےگی، حکومت ڈالر، یورو یا اسلامی سکوک بانڈ جاری کرنے کے آپشنز پرغورکررہی ہے۔ پاکستان اپنی تاریخ کا پہلا پانڈا بانڈ متعارف کرانے کی بھی تیاری کر رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ جون تک زرمبادلہ ذخائرتین ماہ کی درآمدات کے برابر ہونے کی توقع ہے، روپےپرفوری دباؤ نہیں ہے،ترسیلات زراورسروسز کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، قومی ایئرلائن کے بعد مزید اداروں کی نجکاری پر غور جاری ہے، حکومت برآمدات پر مبنی ترقی کو اپنی اولین ترجیح قرار دے رہی ہے۔





















