وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان چار سال بعد عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی کی تیاری کررہا ہے، مہنگائی، شرح سود، مالی خسارہ اور کرنٹ اکاؤنٹ سمیت تمام بڑے معاشی اشاریے بہتر سمت میں جا رہے ہیں۔۔
ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر بلوم برگ کو انٹرویو میں وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت آئندہ چند ہفتوں میں مالی مشیروں کے انتخاب کے لیے تجویز جاری کرے گی۔ حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ ڈالر، یورو یا اسلامی سکوک بانڈ جاری کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان جلد ہی اپنی تاریخ کا پہلا پانڈا بانڈ بھی متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر جون تک تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہو جانے کی توقع ہے، جو عالمی معیار سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپے پر فوری دباؤ نہیں ہے، کیونکہ ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوا ہے، ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوا ہے اور سروسز کی برآمدات بڑھ رہی ہیں۔ روپیہ گزشتہ تقریباً ڈیڑھ سال سے مستحکم ہے۔






















