امریکی ریاست مشی گن میں برفانی طوفان کے دوران 100 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں یا انٹر اسٹیٹ ہائی وے سے پھسل کر باہر جا گریں،جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
خبرایجنسی کے مطابق یہ حادثہ گزشتہ روز پیش آیا، جس کے بعد ریاست مشی گن پولیس نے گرینڈ ریپڈز کے جنوب مغرب میں واقع انٹر سٹیٹ 196 کو دونوں سمتوں سے بند کر دیا۔ حکام نے 30 سے زائد ٹریلر ٹرکوں سمیت تمام گاڑیوں کو ہٹانے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے۔ مشی گن پولیس کے مطابق حادثات میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
سوشل میڈیا اور مقامی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی تصاویر اور وڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برف سے ڈھکی شاہراہ پر ٹرک اور دیگر گاڑیاں آپس میں ٹکرائی ہوئی ہیں۔ امریکی نیشنل ویدر سروس نے متعدد ریاستوں میں شدید سردی یا برفانی طوفان کے خدشے کے پیش نظر وارننگ جاری کی ہے۔ یہ صورتحال شمالی مینیسوٹا سے شروع ہو کر وسکونسن، انڈیانا، اوہائیو، پنسلوانیا اور نیویارک تک پھیلی ہوئی ہے۔
حکام نے ڈرائیور حضرات کو خطرناک حالات میں رفتار کم رکھنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ اب بھی علاقے برفانی طوفان ہے اور درجہ حرارت ہوا کے دباؤ (ونڈ چِل) کے ساتھ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ (منفی 8 ڈگری فارن ہائیٹ) تک گرنے کی توقع ہے۔
ماہرین موسمیات نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ منگل کی رات تک شمالی وسطی فلوریڈا اور جنوب مشرقی جارجیا کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی اور درجہ حرارت نقطۂ انجماد تک گرنے کا امکان ہے۔





















