روس کے مشرقی علاقے کمچاتکا میں غیرمعمولی اور ریکارڈ برفباری نےمعمولاتِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے،دس سے بارہ فٹ تک برف پڑنے کے باعث پورے شہر میں نظامِ زندگی منجمد ہو کر رہ گیا ہے۔
تیز ہواؤں نے آس پاس کے پہاڑی علاقوں کی برف بھی شہر کی جانب دھکیل دی، جس کے نتیجے میں کئی منزلہ عمارتیں مکمل طور پر برف کے نیچے دب گئیں،شہریوں کے لیے گھروں سے باہر نکلنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے اور لوگ برف کے اندر سرنگیں بنا کر راستہ بنانے پر مجبور ہیں۔
View this post on Instagram
دوسری جانب امریکی ریاست مشی گن بھی شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں آگئی،جہاں برفباری کے دوران شاہراہ پر تیس ٹرکوں سمیت ایک سو چھیانوے گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں،خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یورپ میں بھی سردی کی لہر برقرار ہے،آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں شدید برفباری کے باعث ایئرپورٹ کا رن وے برف سے ڈھک گیا، جس کے نتیجے میں سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ادھر چین کے بڑے شہرشنگھائی میں بھی برف کے گالے پڑنے لگے ہیں، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔
شدید برفباری کے باعث مختلف ممالک میں امدادی ادارے الرٹ ہیں جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی جا رہی ہے۔




















