عوام کے لیےبری خبر،ایک ماہ کے لیے بجلی 48 پیسےفی یونٹ مہنگی ہونےکا امکان ہے،سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نےدسمبر کےماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کر دی ہے۔
سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا اتھارٹی 29 جنوری کو سماعت کرے گی۔ منظوری کی صورت میں کے الیکٹرک اور ڈسکوز کے صارفین پر مجموعی طور پر 4 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
درخواست کے مطابق دسمبر میں مجموعی طور پر 8 ارب 48 کروڑ 70 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جبکہ ڈسکوز کو 8 ارب 20 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی۔ ماہ دسمبر میں بجلی کی فی یونٹ لاگت 9 روپے 62 پیسے رہی۔
سی پی پی اے کے مطابق دسمبر میں بجلی کی پیداوار میں ہائیڈل کا حصہ 18.07 فیصد، مقامی کوئلے سے 13.99 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 10.13 فیصد رہا۔ قدرتی گیس سے 11.20 فیصد جبکہ درآمدی گیس سے 17.24 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
درخواست میں مزید بتایاگیاکہ نیوکلیئر سے بجلی کی پیداوار دسمبر میں 25.05 فیصد رہی،نیپرا کی جانب سے سماعت کےبعد حتمی فیصلہ کیا جائےگاجس کے اثرات بجلی صارفین کے بلوں پر پڑنے کا امکان ہے۔





















