وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکرکی سربراہی میں امریکی وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بارڈر مینجمنٹ،سیکیورٹی تعاون اورامریکی اداروں کے ساتھ جاری اشتراک کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے مستقبل میں ہر سطح پر پاک امریکا تعاون کو مؤثر بنانے کے لیے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک جرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے جدید سافٹ ویئر استعمال کیا جائے گا جبکہ بارڈر سیکیورٹی، کوسٹل گارڈز اور دیگر اداروں کو جدید امریکی آلات سے لیس کیا جائے گا، جس سے ان اداروں کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
محسن نقوی نے ایف آئی اے اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی استعداد کار بڑھانے میں امریکی تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کو فعال بنانے کے لیے امریکی معاونت فائدہ مند ثابت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ وفاقی سطح پر پہلا اینٹی ٹیررسٹ ونگ ہوگا جو صوبوں کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن رکھے گا، این سی سی آئی اے ملک بھر میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کر رہی ہے اور مالیاتی فراڈ و دہشت گردی کی فنڈنگ کی روک تھام کے لیے جدید سافٹ ویئر وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے امریکا کے ساتھ اشتراک ناگزیر ہے۔
اس موقع پر امریکی وفد نے سیکیورٹی تعاون اور دوطرفہ روابط کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا،قائم مقام امریکی سفیرنیٹلی بیکر نےوزارت داخلہ اورامریکی اداروں کے درمیان مختلف سطحوں پرجاری تعاون کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان کےساتھ دوطرفہ اشتراک بڑھانے کے لیےاقدامات جاری رکھے جائیں گے۔






















