محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں آئندہ ہفتے بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 19 جنوری کی شام سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسم خراب ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش اور برفباری متوقع ہے،جبکہ 21 سے 23 جنوری کے دوران صوبے کے پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے۔برفباری کے باعث سڑکیں بند ہونے اور پھسلن پیدا ہونے کا خدشہ ہے،جبکہ ہرنائی، بولان اور زیارت میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نےشہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئےکہا ہے کہ شمال مغربی اوروسطی بلوچستان میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آگاہ کر دیا گیا ہے۔






















