بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں دماغ کو تباہ کرنے والے نپاہ وائرس سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت کی ریاست کیرالہ میں آنے والے نئے مہلک وائرس جس کو نپاہ کا نام دیا گیا ہے اس میں اب تک دو اموات رپورٹ ہوچکی ہیں جب کہ کئی افراد اس سے متاثر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ریاست میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے اور اس خطرناک وائرس کی روک تھام کے لیے ریاست میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے کچھ اسکولوں، بینکوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ڈیڑھ سو ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔ جن میں دو افراد کا مثبت ٹیسٹ آیا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق نپاہ نایاب اور مہلک وائرس ہے جو دماغ کے سیلز کو نقصان پہنچاتا ہے۔
ریاستی حکام نے کوزی کوڈ ضلع کے کم از کم سات دیہات کو متاثرہ زون قرار دیا ہے۔ جہاں کے رہائشیوں کے لیے سخت طبی قوانین پر عمل کیا جا رہا ہے اور متاثرہ افراد سے رابطے میں رہنے والے طبی عملے کو بھی قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست کیرالہ میں یہ خطرناک وائرس سب سے پہلے 2018 میں نمودار ہوا تھا جس میں اب تک مجموعی طور پر 25 کے لگ بھگ افراد جان گنوا چکے ہیں حالیہ لہر میں دو افراد کی موت ہوئی ہے۔