صادق آباد: تھانہ سٹی کی حدود غفور آباد میں خواجہ سرا کو ذبح کر کے قتل کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق خواجہ سرا کی سر کٹی لاش اس کے گھر سے برآمد ہوئی ہے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی اے ایس پی آغا انعام اللہ نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد بھی حاصل کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتول خواجہ سرا کی شناخت شریف عرف عالیہ کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔






















