موبائل کمپنیوں کی ناقص کارکردگی کے باعث ضلع کوہلو کے متعدد گنجان آباد علاقے موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس سے محروم ہیں۔ نیوکلی، گاڑداوغ، شاہیجہ آباد اور ملک زئی اوریانی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق یوفون اور زونگ صارفین کو بنیادی موبائل اور انٹرنیٹ سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہیں، جس کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ انٹرنیٹ کی بندش سے آن لائن کاروبار اور فری لانسنگ سے وابستہ افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موبائل سروس کی عدم دستیابی کے باعث طلبہ کی آن لائن تعلیم اور تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ سرکاری ملازمین کو آن لائن حاضری لگانے میں دشواری پیش آ رہی ہے، جس کے نتیجے میں تنخواہوں میں کٹوتی کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود مسئلہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔ متاثرہ صارفین نے پی ٹی اے اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کوہلو میں فوری طور پر معیاری موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔



















