پنجاب اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے پیڈا ایکٹ ترمیمی بل 2025 منظور کر لیا۔ ایکٹ میں ریٹائرڈ سرکاری افسران کے خلاف انکوائری سے متعلق قانون میں اہم تبدیلی کردی گئی۔ دو سال بعد پیڈا کارروائی ختم ہونے سے متعلق قانونی سقم ختم ہوگیا۔
بل کے متن کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد انکوائری دو سال میں مکمل نہ ہونے پر اب کارروائی ختم نہیں ہوگی، پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری کی مدت بڑھانے کا اختیار مجاز اتھارٹی کو دے دیا گیا ہے، مجازاتھارٹی تحریری وجوہات کے ساتھ انکوائری میں توسیع کر سکے گی۔
پیڈا انکوائری اب کسی مخصوص مدت کی پابند نہیں رہے گی، ریٹائرڈ افسران کے خلاف پیڈا کارروائی کئی سال تک جاری رہ سکے گی، عدالتی فیصلوں کے باعث ختم ہونے والی پیڈا کارروائیوں کے مسئلے کا حل نکال لیا گیا، پیڈا ترمیمی بل پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد گورنر کو بھجوایا جائے گا، گورنرپنجاب کی منظوری کے بعد پیڈا ترمیمی بل قانون بن جائے گا۔





















