کرپشن، اختیارات سے تجاوز اور غفلت میں ملوث ایف آئی اے کے 19 افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی مکمل کرلی گئی، جس کے تحت مختلف سزائیں سنائی گئی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق انسپکٹر ماریہ نیاز، سب انسپکٹر کاشف ریاض اعوان، سب انسپکٹر تصدق حسین اور احمد وقار کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔ اسی طرح کانسٹیبل آصف اللہ دتہ اور ٹیکنیکل اسسٹنٹ عنایت اللہ کو بھی نوکری سے برخاست کردیا گیا۔
محکمہ جاتی کارروائی کے دوران انسپکٹر محمد ارسلان مسعود خان اور انسپکٹر ادریس خان کو پے اسکیل میں تنزلی کی سزا دی گئی، جبکہ سب انسپکٹر سہیل احمد کو دفتری امور میں کوتاہی پر ایک سال کے لیے ترقی روکنے کی سزا سنائی گئی۔
ایف آئی اے کے مطابق سب انسپکٹر شازمہ شبیر، شابانہ شمشیر، عمر فاروق اور اے ایس آئی فرحان کو انکریمنٹ روکنے کی سزا دی گئی، جبکہ کانسٹیبل محمد شاکر، محمد آصف، محمد زاہد اقبال، مدثر سعید اور عدیل احمد کے بھی انکریمنٹ روکے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ٹیکنیکل اسسٹنٹ غلام خان کو دفتری احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر سزائے تنبیہ دی گئی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ محکمانہ احتساب کا مقصد شفافیت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنا ہے، جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔



















