انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی ڈیوڈ لائیڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے کپتانی سے دستبردار ہونے کو فیصلے کو درست قرار دے دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے رواں ماہ تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیفم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
بابر کے استعفے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے لیجنڈ کرکٹر ڈیوڈ لائیڈ کا کہنا تھا کہ کپتانی چھوڑنا ان کا درست فیصلہ ہے۔
لائیڈ نے پاکستانی ٹیم کی کپتانی سے جڑے چیلنجوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گراؤنڈ میں ٹیم کو سنبھالنا آسان پہلو ہے تاہم، سیاسی پہلوؤں سے نمٹنا مشکل کام ہے۔
بابر اعظم کو اس وقت دنیا کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک تسلیم کرتے ہوئے لائیڈ نے مشورہ دیا کہ انہیں اپنی بیٹنگ پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اس وقت دنیا کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، وہ بس کھیلنا جاری رکھیں اور کسی اور کو ’’ سر درد ہونے دیں ‘‘۔