ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک غیر قانونی چندہ اکٹھا کرنے اور گداگری میں ملوث ایک مسافر کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملائیشیا جانے والے آمان علی نامی مسافر کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران حراست میں لیا گیا، جہاں وزٹ ویزے کے غلط استعمال کا انکشاف ہوا۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ گرفتار مسافر بیرونِ ملک مساجد اور مدارس کے نام پر غیر قانونی چندہ جمع کرنے میں ملوث رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کے موبائل فون سے غیر قانونی چندہ مہم سے متعلق ویڈیوز، چیٹس اور حلف نامے بھی برآمد ہوئے ہیں، جو اس نیٹ ورک کی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔ آمان علی کا تعلق حیدرآباد سے ہے جبکہ اس کی سفری ہسٹری میں قطر، سعودی عرب، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے متعدد دورے شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔



















