استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم ہر بچے کو مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دیں گے۔
جہانگیر ترین نے بھیرہ کے 2 سرکاری سکولوں میں جدید کمپیوٹر لیبز کا افتتاح کیا جو کہ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے اپ گریڈ کی گئیں ہی جبکہ لیبز کی اپ گریڈیشن پر ایک کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، جدید آئی ٹی لیبز کی فراہمی سے یہاں کے بچوں اور بچیوں کو بہت فائدہ ہوگا، سب صاحب حیثیت افراد کو اس طرح کے فلاحی کام کرنے چاہئیں۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن تعلیم کے شعبے میں لودھراں میں بڑا اچھا کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور پرائیوٹ سیکٹر کو ملکر تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنا ہوگا، اسکولوں کے باہر موجود بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے لیےہمیں کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہمیں آئی ٹی کی تعلیم کو فروغ دینا ہوگا۔