یوم قائد کے موقع پر استحکام پاکستان پارٹی کے زیر اہتمام آئی پی پی سیکریٹریٹ میں کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیراحمد، جنرل سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے شعیب صدیقی، صدرآئی پی پی شعبہ خواتین پنجاب تسکین خاکوانی سمیت دیگر شریک ہوئے ۔
سالگرہ تقریب کے موقع پر آئی پی پی رہنماؤں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ۔ صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیراحمد کا کہنا تھا کہ یوم قائد منانا ہمارے لیے فخر کی بات ہے اور کہا لاہور کو عبدالعلیم خان کی قیادت اور آئی پی پی سے محبت ہے، عوام صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کی قیادت میں اپنا روشن مستقبل دیکھ رہےہیں ۔
جنرل سیکرٹری شعیب صدیقی نے کہا کہ بابائے قوم کے افکار پر تجدیدِ عہد کرتے ہیں ، عبدالعلیم خان کے مزید صوبے بنانے کے مطالبے کی ہر طرف سے تائید ہورہی ہے ، حرمین شریفین کی حفاظت اور سعودی عرب کا چیف آف ڈیفنس فورسز کا اعزاز پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے ، ملک کو انارکی کی طرف دھکیلنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے ، جلد ملک گیر ممبر سازی مہم شروع کی جائے گی اور بلدیاتی انتخابات میں یونین کونسل کی سطح پر نمائندے میدان میں اتاریں گے ۔
صدر آئی پی پی شعبہ خواتین تسکین خاکوانی اور صدر لاہور ملک زمان نصیب کا کہنا تھاکہ پاکستان کی آزادی قائد اعظم کا احسان ہے ، انکی قیادت میں دو قومی نظریئے کی بنیاد پر آزادی حاصل ہوئی، اگر ہم آزاد نہ ہوتے تو ہمارا حال بھی بھارت میں اقلیتوں جیسا ہوتا ، بھارت میں اقلیتوں کا استحصال ہمیں آزادی کی نعمت کا احساس دلاتا ہے ۔
تقریب میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی ۔



















