ایشیا کپ انڈر 19 کے فاتح ٹرافی لے کر پاکستان پہنچ گئے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اسلام آباد ایئر پور ٹ کے باہر شائقین نے فاتح ٹیم کا ڈھول کی تھاپ پر رقص کر کے استقبال کیا۔ بھارت کوشکست دینے والی ہیروز پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ کھلاڑیوں نے ڈبل ڈیکر بس پر شہریوں کی محبت کا جواب دیا، فاتحانہ انداز میں ہاتھ ہلائے۔ ٹیم وی آئی پی پروٹوکول میں ایئرپورٹ سے ہوٹل روانہ ہوئی ۔
فاتح کھلاڑیوں کی پذیرائی کےلئے آج وزیراعظم ہاؤس میں تقریب سجےگی۔ وزیراعظم شہبازشریف عظیم کارنامے پر اپنے ہیروز کو شاباش دیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔





















