آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کو منگل کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے سماعت کی، شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری ، خالد یوسف عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
دوران سماعت جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے استفسار کیا ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی کہاں ہے؟عدالتی عملے نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی عدالت کو فراہم کردی۔
سائفر کیس کا ٹرائل اب 29 اگست سے پہلے کی پوزیشن سے آگے بڑھے گا، آفیشل سیکریٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج نے حکم جاری کر دیا۔
واضح رہےکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفرکیس کا اب تک کا ٹرائل کالعدم قرار دیا تھا۔ہائیکورٹ کےفیصلے کی روشنی میں اب سائفر کیس کے ٹرائل کا آغاز شروع سے ہوگا۔