نئے صوبوں کے قیام کے لیے ایم کیو ایم پاکستان بھی استحکام پاکستان پارٹی کی ہم آواز بن گئی جبکہ آئی پی پی کی جانب سے ایم کیو ایم کی حمایت پر خیرمقدم اور اطمینان کا اظہار کیا گیا اور ترجمان آئی پی پی کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ساتھ دینے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ترجمان آئی پی پی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے نئے صوبوں پر صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی تجاویز کی حمایت کر کے قومی سوچ کی عکاسی کی ہے، ایم کیو ایم کی جانب سے 12 نئے صوبوں کی تجویز خود کو قومی دھارے میں شامل کرنے کا ثبوت ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی کشادہ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس معاملے پر ساتھ دینا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ اختیارات کی منصفانہ تقسیم، مقامی سطح پر مسائل کا حل اور چھوٹے انتظامی یونٹس وقت کی اہم ضرورت ہیں، اور نئے صوبوں کا قیام ہی ملکی فلاح و بہتری کا مؤثر حل ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ نیا نہیں، 28 جنوری 2013 کی رپورٹ پر من وعن عمل ہونا چاہیے اور پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں میں بھی نئے انتظامی یونٹس گڈ گورننس کو فروغ دے سکتے ہیں۔
ترجمان آئی پی پی نے کہا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نام تبدیل کیے بغیروہاں نئے صوبے بنائے جا سکتے ہیں۔
استحکام پاکستان پارٹی نے تمام سیاسی جماعتوں کو نئے صوبوں کے معاملے پر باہمی مشاورت اور بامقصد بات چیت کی دعوت بھی دے دی ہے۔



















