اسلام آباد کی مقامی عدالت نے فراڈ کے مقدمہ میں گرفتار سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو عدالت پیش نہ کیے جانے کا عذرقبول کر تے ہوئے پولیس کو دو دسمبر کو چالان پیش کرنے کا نوٹس جاری کر دیا ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ یاسرمحمود نے فواد چودھری کے خلاف فراڈ کیس کی سماعت کی تاہم، ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش نہ کیا جاسکا۔
وکلا نے مؤقف اپنایا کہ فواد چوہدری کو عدالت پیش کرنے کے بجائے ان کی ای حاضری لگا دی گئی ہے، ان کا کورونا ٹیسٹ کروانا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے کہا کہ جن ملزمان کے چالان نہیں آئے انہیں عدالت لانے کی ضرورت نہیں ، سیشن جج کا حکم ہے کہ ایسے ملزمان کی الیکٹرانک حاضری لگائی جائے۔
بعدازاں ، عدالت نے ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کو دو دسمبر کو چالان پیش کرنے کا نوٹس جاری کر دیا۔
خیال رہے کہ فواد چوہدری کے خلاف تھانہ آبپارہ میں فراڈ کا مقدمہ درج ہے۔